3 سال سے خالی اسامیاں ختم، گاڑیوں کی خریداری پر پابندی
وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرلیا اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے بچت کرنے کیلئے سرکلر جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں تین سال سے خالی اسامیاں ختم ہوجائیں گی۔ایک سال سے زائد عارضی بھرتیوں کے سوا کوئی نئی بھرتی نہیں ہوگی اور سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
اس کے علاوہ حکومتی اخراجات پر بیرونی دوروں اور تمام قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایمبولنس، طبی امداد سے متعلق اور تعلیمی اداروں کیلئے بسوں کی خریداری پر استثنیٰ ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہر قسم کی نئی مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد ہوگی لیکن اسپتالوں، لیبارٹریز، زراعت، اسکولوں کےلیے مشینری اور آلات کی خریداری ہوسکے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں