قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، علی امین گنڈاپور
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جمعہ کے روز ضلع صوابی کا مختصر دورہ کیا جہاں اُنہوں نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے مزار پر حاضری دی ، مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔
وزیراعلیٰ نے شہید کیپٹن کرنل شیر خان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ سابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر ، رکن قومی اسمبلی شاہرام ترکئی ، صوبائی کابینہ اراکین فیصل خان ترکئی ، عاقب اﷲ خان، عبدالکریم تور ڈھیر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مادر وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوان ہمارے اصل ہیرو ہیں اور 6 ستمبر کا دن ان ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ شہید کیپٹن کرنل شیر خان نے مادروطن کی حفاظت کیلئے اپنی جان قربان کرکے بہادری کی ایک داستان رقم کی ہے ، ہمیں اپنے شہداءاور غازیوں پر فخر ہے ، پاکستان ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت قائم ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ شہداءکی قربانیوں کی وجہ سے ہم آج کھلی فضا ءمیں سانس لے رہے ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
اُنہوں نے واضح کیاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں