چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کا سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے مرحوم سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ممتاز حریت رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر برسلز میں کشمیرکونسل ای یو کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہاکہ مشکلات کے باوجود علی گیلانی اپنے ارادوں میں مصمم رہے اور کشمیریوں کی بھرپور قیادت اور رہنمائی کی۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مرحوم سید علی گیلانی کو تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی زندگی کے دوران طویل مدت قید وبند کی صہوبتیں برداشت کیں، زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔مرحوم علی گیلانی نے تین کشمیری نسلوں کو اپنی انتھک جدوجہد سے متاثر کیا۔ وہ کشمیریوں کے ہیرو اور کشمیر کی سچی آواز تھے۔ وہ اپنے اصولوں اور نظریات سے ایک لمحہ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ سید علی گیلانی نے اپنے عظیم مقاصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں اور کشمیر کاز کے ساتھ انکی غیرمشروط وابستگی اور محبت کی وجہ سے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ اگرچہ علی گیلانی اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان کی ولولہ انگیز قیادت، رہنمائی اور عظیم جدوجہد کے اثرات طویل مدت تک باقی رہیں گے۔ ایسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل علی رضا سید نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی نے تمام زندگی جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ قائم رہے۔ علی شاہ گیلانی پہاڑ کی طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے عظیم موقف پر ڈٹے رہے۔ ان کی یہ جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔اس موقع پر سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

کورکمیٹی کے شرکاء کی طرف چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید سے ان کے تین قریبی رشتہ داروں کی وفات پر بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
واضح رہے کہ علی رضاسید کو پچھلے چند دنوں کے دوران انکے ماموں سسر سابق کمشنر (آزاد کشمیر) سید ابوطالب کاظمی، برادرنسبتی کرنل (ر) سید امداد علی شاہ اور ایک چچازاد بہن کی وفات کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں