’مشعال کی کارکردگی غیرتسلی بخش تھی، بشریٰ بی بی کا نام استعمال کرتی تھی‘، اندرونی کہانی سامنے آگئی
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے محکمہ سماجی بہبود مشعال یوسفزئی سے قلمدان واپس لینے اور پارٹی کے اندر مخالفت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق مشعال یوسفزئی کے پارٹی کے مرکزی معاملات میں مداخلت پر اعتراض ہے، پارٹی کے سینئر رہنما نے "ڈی نوٹیفائی مشعال” کا میسج علی امین گنڈاپور کو بھیجا، سینیئر رہنما نے بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر میسج وزیر اعلیٰ کو بھیجا۔
ذرائع نے بتایاکہ مشعال یوسفزئی صوبے کو چھوڑ کر مرکز میں زیادہ رہتی تھیں، ان کے خلاف بانی پی ٹی آئی کو سینئر قیادت کی جانب سے شکایات ملیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشعال یوسفزئی پر ہر جگہ بشریٰ بی بی کا نام استعمال کرنے کا بھی الزام ہے، ان کی بطور مشیر محکمہ سماجی بہبود کارکردگی بھی غیرتسلی بخش تھی۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ مشعال کی نہ کابینہ میں کارکردگی تھی نہ پارٹی کو کچھ فائدہ دیا، ان کا رابطہ صرف اعلیٰ قیادت کے ساتھ ہی ہوتا تھا۔ مشعال کو کابینہ میں لینا میرے لیے بڑا باعث تعجب تھا، مجھے نہیں پتا ان کی پارٹی میں کیا خدمات ہیں، بطور وکیل ہمارے ساتھیوں کی بھی کوئی مدد ان کی طرف سے نہیں ہوئی۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مشعال کی کام کرنے کی صلاحیت کا پتا چل گیا ہے، میں سمجھتا ہوں وزارتوں کی تقسیم پر ضرور نظر ثانی ہونی چاہیے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں