دس ارب روپے کا سوشل پروٹیکشن فند فلاحی ریاست کی طرف پہلاقدم : چودہری انوارالحق
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودہری انوارالحق نے کہا ہےکہ نیلم ویلی کی ترقی عزیز ہے، نیلم ویلی میں ٹورازم کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت نیلم میں ہائیڈل، ٹورازم سمیت تمام سیکٹرز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،نیلم سے لے کر چھمب تک ترقی کا پہیہ چلے گا،ہم آزمائش سے نکل گئے ہیں، جب تک قلم کا اختیار ہے نیلم سے بھمبر تک عوام کی فلاح کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم آزادکشمیر نے آٹھمقام میں میاں عبدالوحید کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد چوہدری صحبت علی مرحوم کے قریبی دوست میاں غلام رسول کی دھرتی سے تعلق رکھنے والے غیور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ نیلم کے عوام نے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیاہے۔ بھارتی جارحیت کیوجہ سے نیلم سے 72 ہزار افراد نقل مکانی کر گئے۔ نیلم کے چپے چپے کی حفاظت اور پاک فوج کے جوانوں نے وطن عزیز کی سلامتی کیلئے قربانیاں پیش کیں، ماربل سے تاوبٹ تک جگہ جگہ قربانیوں کی داستانیں موجود ہیں۔

چودہری انوارالحق نے کہا اتحادی حکومت میں ہم سب ایک دوسرے کے مخالف ہیں، وزیر اعظم بنتے ہی آزاد کشمیر کی ابتر حالت ورثے میں ملی، 52 کروڑ شاہراہ نیلم کی تعمیر پر خرچ کئے گئے ہیں۔ شاہراہ نیلم کی تعمیر سے نیلم ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا ۔ سب سے پہلے ذاتی صوابدیدی پوسٹیں سرینڈر کیں۔ پرانی گاڑیاں نیلام کیں،10 ارب کے فنڈ سے سوشل پروٹیکشن فنڈ قائم کر کے اسلامی فلاحی ریاست کے تصور کو شرمندہ تعبیر کیا۔مستحقین زکوۃ کا آئندہ ماہ دوبارہ سروے کررہے ہیں، 05 ارب کی رقم محکمہ شاہرات اور برقیات کے منصوبوں پر خرچ کی۔ کرپشن کا آزاد کشمیر میں قلع قمع کر کے آئینی طور پر اپنا کام کیا ۔

وزیر اعظم چودہری انوارالحق نے کہا مودی نے مقبوضہ کشمیر میں اپنا قبضہ مکمل کرنے کیلئے دو سو ارب قرضہ مقبوضہ کشمیر کی حکومت جو ابھی نہیں بنی کے حصے میں ڈالا ہے۔ آج سوشل پروٹیکشن پروگرام کے تحت رجسٹریشن جاری ہے اگلے ماہ سے مستحقین زکوۃ کی بھی از سر نو رجسٹریشن کی جائے گی۔ مسائل حل کرنے کیلئے وسائل کی ضرورت ہے۔ جھوٹے اعلانات نہیں کر سکتا۔ جو چیز فراہم نہیں کر سکتا اس کا اعلان بھی نہیں کروں گا۔ ایس سی او ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ ملاقات کر کے نیلم کے تمام علاقوں میں موبائل سروس کی فراہمی کیلئے ترجیحی طور پر کام کروں گا۔ اپنی جانب سے نیلم کیلئے 13 کلو میٹر سڑکات کا اعلان کرتا ہوں۔ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کیلئے درکار فنڈز فراہم کروں گا۔ آٹھمقام واٹر سپلائی سکیم کی متروک سکیم دوبارہ بحال کی جائیگی۔

چودہری انوار الحق نے کہا آزاد کشمیر میں سیاسی جماعتیں قائم ہیں، پیپلز پارٹی کارکنان نے آج تاریخی استقبالیہ ریلی نکال کر یہ ثابت کیا ہے کہ کردار والے سیاسی قائدین آج بھی قائم و دائم ہیں۔ ہمارے اسلاف کا نظریہ الحاق پاکستان ہماری رگ رگ میں دوڑتا ہے ۔ کسی کو آزاد کشمیر میں اپنے نظریات مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ آزاد کشمیر اسمبلی اور بلدیاتی ادارے پوری طرح اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ استقبالیہ سے وزراء حکومت میاں عبدالوحید، پیر مظہر سعید، فیصل ممتاز راٹھور، قاسم مجید، چوہدری رشید،سردار جاوید ایوب، جاوید بٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں