دھیرکوٹ ٹورازم فیسٹیول کامیابی کے باوجود تنقیدکی زد میں

رپورٹ: سعیدصابری

آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے دھیرکورٹ ٹورازم فیسٹیول کا دوسرا سیزن شاندار کامیابی کے باوجود سوشل میڈیا پربعض صارفین کی تنقید کی زد میں ہے لیکن بہت سے صارفین اس فیسٹیول کی خوب تعریف بھی کررہے ہیں ۔


دھیرکوٹ ٹورازم فیسٹیول میں جیپ ریلی، میرا تھن،پیراگلائیڈنگ، میوزیکل نائٹ اور مقامی ثقافت کے فروغ سمیت مختلف ایونٹ رکھے گئے تھے ۔
جیپ ریلی کا آغاز ڈونگہ گلی سے ہوا مختلف خوبصورت راستوں اور سرسبز و شاداب وادیوں سے گزر کر دھیر کوٹ جانے والی اس ریلی کے شرکاء نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے پرچم اٹھارکھے تھے دلکش منظر پیش کرنے والی یہ ریلی جہاں سے بھی گزری تو دیکھنے والے اس کی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے، دھیرکوٹ ریلی کی آخری منزل تھی جہاں مقامی افراد نے ریلی کے شرکاء کا شکریہ اداکیا ۔
مقامی کمیونٹی کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس فیسٹیول کے ذریعے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کی کوششیں بہت مثبت ثابت ہوئیں،سیاحوں کی ایک بڑی تعداد اس فیسٹیول میں براہ راست شریک ہوئی جبکہ سوشل میڈیا اورنیشنل میڈیا کے ذریعے بھی اس کاپیغام ساری دنیا تک پہنچ رہاہے۔
ٹورازم فیسٹیول کےایک اہم ایونٹ میراتھن میں اس بار تیس سے چالیس لوگوں نے شرکت کی اورپران فضائوں سے گزرتے ہوئے خوب انجوائے کیا۔میراتھن کا آغازچمن کوٹ سے ہوا اور راستے میں مقامی افراد کی جانب سے داد سمیٹے شرکاء اپنی منزل تک پہنچے۔
ٹوپہ ٹاپ کی چوٹی سے پیراگلائیڈنگ کادلکش منظر تو شائد ہی دیکھنے والے کبھی بھول سکیں تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے اس بار صرف دوپیراگلائیڈرزہی شرکت کرسکے اور باقی کی شرکت نہ ہوسکی۔


دھیرکوٹ ٹورزم فیسٹیول کی آرگنآئزنگ کمیٹی کے چیئرمین راجہ سعود اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹی راجہ ظہور کے مطابق فیسٹیول بہت کامیاب رہا۔ راجہ سعود نے کہا کہ میراتھن ریس چمن کوٹ سے شروع ہوئی جس میں چالیس لوگوں نے شرکت کی، ٹوپہ ٹاپ کی چوٹی سے پیراگلائیڈنگ میں دو پیراگلائیڈرز نے شرکت کی،موسم کی وجہ سے دو پیراگلائیڈرز نہیں آسکے ، ہائیکنگ کے مقابلے ہوئے۔ ایک سکول میں مقامی ثقافت اور کلچر کے حوالے سے ایک سکول میں نمائش کااہتمام کیا گیا۔ ایک میوزیکل پروگرام بھی ہوا، جس میں بانو رحمت اور زوہیب زمان نے خصوصی شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس علاقے کو سیاحوں کے لئے متعارف کرانا تھا اس مقصد میں ہمیں کامیابی ملی۔ راجہ ظہور نے کہا کہ لوگ ڈپریشن کاشکار ہیں ان کے لئے اس طرح کے پروگرام فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
ثروت کیانی ٹورازم کے فروغ کے لئے کافی متحرک ہیں وہ کہتے ہیں کہ دھیرکوٹ کی سول سوسائٹی اورمقامی انتظامیہ کاتعاون مثالی تھا، پیراگلائیڈنگ نے اس فیسٹیول کی خوبصورتی کونمایاں کیا ۔ یہاں انڈسٹری نہیں اگر ٹورازم کوفروغ ملے گا تو یہاں لوگوں کو فائدہ ہوگا، حکومت سے درخواست ہے کہ انفراسٹرکچر بہتر کرے اور سول سوسائٹی اس طرح کے فیسٹیول کروائے تو وہ دن دور نہیں جب یہ علاقہ بھی سوئٹزرلینڈ جیسا ہوگا۔
فیسٹیول آرگنائزرزکے مطابق دھیرکوٹ ٹورازم فیسٹیول کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے دوران ایک لاکھ پودے لگائے گئے یہ اقدام موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سےنمٹنے میں بہت مدد گار ثابت ہوگا۔


فیسٹیول میں شریک سحرش قریشی نے کہا کہ یہ بہت خوبصورت فیسٹیول ہے خواتین اور بچیوں کی شرکت دیکھ کر خوشی ہوئی ،ایک سیاح نے کہا کہ جو لوگ نہیں آسکے وہ اس فیسٹیول کی ویڈیوز اورتصاویر دیکھ کر اگلی بارضرور آئیں گے اور ہمیں امید ہے کشمیر ٹورازم میں بہت جلد آگے جائے گا۔
دوسری طرف کچھ سوشل میڈیاصارفین دھیرکوٹ ٹورازم فیسٹیول کے دوران میوزیکل نائٹ پر تنقید کررہے ہیں،ان صارفین کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے ،میوزیکل نائٹ کے ناقدین کہتے ہیں جس روز میوزیکل نائٹ تھی اسی دن آزادپتن بس حادثے میں 25 افرادجاں بحق ہوگئے جن میں سے نصف کے قریب آزادکشمیر کے باشندے تھے ایسے موقع پر میوزیکل نائٹ کومنسوخ کردینا چاہئے تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے