غیرملکی ہوٹل کی پارکنگ مسمار،سی ڈی اے افسران پر رشوت کا الزام
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سی ڈی اے نے اسلام آباد میں غیر ملکی کمپنی کے ہوٹل رمادہ انٹرنیشنل کی پارکنگ مسمار کردی۔
رمادہ انٹرنیشنل ہوٹل کی انتظامیہ نے الزام عائد کیاہے کہ سی ڈی اے کے افسران کی طرف سے ہرماہ بھاری رشوت کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ کافی روز سے ہمیں یہ کہا جا رہا تھا کہ اسلام آباد میں موجود باقی انٹرنیشنل ہوٹل پارکنگ کے استعمال پر جو ماہانہ رقم دیتے ہیں رمادہ انٹرنیشنل ہوٹل بھی اتنی ہی رقم ادا کرے۔ منتھلی نہ دینے پر سی ڈی اے افسران نے پارکنگ پر ٹریکٹر چلا کرہرچیز مسمار کردی اور پارکنگ ایریا کو سیل کر دیا۔

ہوٹل انتظامیہ کے مطابق رشوت حاصل کرنے کے لیے افسران مختلف حربے استعمال کرتے ہیں جس میں سب سے آسان طریقہ پارکنگ کا استعمال کیا جاتا ہے۔گزشتہ کئی سال سے سی ڈی اے افسران انٹرنیشنل اور لوکل ہوٹلوں کی پارکنگ سے ہر مہینے بھاری رقم وصول کرتے ہیں جو ہوٹل اور مالز انکار کریں ان کی پارکنگ اور دیگر املاک کو مسمار یا سیل کردیا جاتا ہے۔ ہوٹل ذرائع نے بتایا کہ بڑے ہوٹلز اور مالز سے کروڑوں روپے رشوت سی ڈی اے کے انفورسمنٹ اور دیگرشعبہ جات کے افسران وصول کرتے ہیں۔ ہوٹل انتظامیہ کے الزامات پر سی ڈی اے کے متعلقہ افسران سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں