کارساز کیس میں ملزمہ کی ضمانت نہیں ہونے دی: کراچی پولیس چیف
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ کارسازحادثہ کیس کو قانون کے مطابق چلایا جارہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اس حادثے میں پولیس فوری موقع پر پہنچی، پولیس نے ہجوم سے اس خاتون کی بھی حفاظت کی۔
کراچی پولیس چیف نے کہا کہ خاتون ڈرائیور نے دوغلطیاں کر رکھی تھیں، اس خاتون نے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا، وہ خاتون کرمنل نہیں۔پولیس نے خاتون کی ضمانت نہیں ہونے دی، قانون کے مطابق اس کیس کو چلایا جارہا ہے۔سٹریٹ کرائم کی وارداتوں پرکافی حد تک قابوپایاہے،موبائل فون اور گاڑیاں چھیننےکے واقعات میں کمی آئی ہے، موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ پولیس اور رینجرز جرائم کےخاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پرکام کررہے ہیں، پولیس جس طرح جرائم پیشہ عناصرکےخلاف سرگرم ہے اس طرح پولیس کو سپورٹ نہیں کیا جارہا۔ اے وی ایل سی کی ٹیم بھی اچھا کام کررہی ہے، پولیس کارروائیوں میں غیر معمولی تیزی آئی ہے۔اگست میں 15 ڈاکو مارے گئے، 111 زخمی حالت میں گرفتارہوئے، اس ماہ 400 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کیے۔
کراچی پولیس چیف نے مزید کہا کہ چار بڑے گینگز کا قلیل عرصے میں خاتمہ کیا، کورنگی کازوے اور اطراف میں سرگرم گینگ کا بھی خاتمہ کیا۔ کچھ عرصہ پہلےسائٹ میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹے گئے اور 2 افرادکو قتل کیا گیا، یہ کیس بھی پولیس نے حل کرلیا، کیس کا ایک ملزم مارا گیا جبکہ دوسرا گرفتار ہے۔ مددگار ون فائیو کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مددگار ون فائیو کی 35 خراب گاڑیوں کو فعال کررہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں