وزیراعظم شہباز شریف کی میٹا کوپاکستان میں درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
وزیراعظم شہباز شریف سے میٹا کے پانچ رکنی وفد نے اہم ملاقات کی ہے۔میٹا کے وفد کی قیادت نائب صدر برائے ایشیاء پیسفک سائمن ملنر کررہے تھے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ۔
میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیا ء پیسیفک میں اپنی سروسز کے بارے میں آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کی ترقی و ترویج کے حوالے سے مل کے کام کرنے کے عزم کااعادہ کیا ۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، تانیہ اودروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں