گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق حساس علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر زمین کھسکنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے بتایا کہ کشمیر کے اضلاع بشمول مظفرآباد، نیلم ویلی، حویلی، باغ، پونچھ اور سدھنوتی میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شاہراہ قراقرم اور دیگر اہم راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔

متاثرہ سڑکوں میں ٹورغر روڈ (120)، بٹگرام روڈ (140)، شانگلہ روڈ (160)، لوئر کوہستان روڈ (180)، تتا پانی روڈ (320 تا 360)، گلگت روڈ (400 تا 420) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہنزہ، روندو، اسکردو اور چترال کے متعدد مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم و سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔

این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل فعال ہے اور سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے