کرم میں مسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کے حملے میں 6 افراد جاں بحق

لوئر کرم میں مسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کے حملے میں 6  افراد جاں بحق ہو گئے۔ طوری بنگش قبائل کے رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ضلع کرم میں لوئر کرم کے علاقے احمد خان کلے میں پاڑہ چمکنی سے صدہ جانے والی گاڑی پر نا معلوم افراد نے خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد بحق ہو گئے جن کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تاہم واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔

کرم سے رکن قومی اسمبلی انجینیئر حمید حسین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد خان کلے جیسے پرامن علاقے میں اس قسم کا واقعہ سمجھ سے باہر ہے اور یہ علاقے میں منظم سازش کے تحت بدامنی پھیلانے کی کوششیں ہے عوام اس سازش کو ناکام بنا کر قیام امن کے لیے راہ ہموار کریں۔

دوسری جانب طوری بنگش قبائل کے رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے