حکومتی بینچوں پر بیٹھ کر اپوزیشن جیسی باتیں زیب نہیں دیتیں، حنیف عباسی کی خواجہ آصف پر تنقید
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف پر کڑی تنقید کی ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جہاں حنیف عباسی نے خواجہ آصف کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بیوروکریسی کو نشانہ بنانے کا ایک شوق سا بن گیا ہے، اپنی شہرت کے لیے اپنے ہی ایوان پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ ایک طرف نظام کو ہائبرڈ کہا جاتا ہے اور دوسری طرف اسی نظام کا حصہ بن کر اس پر تنقید کی جاتی ہے۔ اگر یہی طرزِ عمل اپنانا ہے تو حکومت میں بیٹھنے کے بجائے بہتر ہے کہ اپوزیشن میں چلے جائیں کیونکہ حکومتی بینچوں پر بیٹھ کر اپوزیشن جیسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔
وزیر حکومت نے کہا کہ کس کنٹریکٹر کی جرات ہے کہ راولپنڈی میں ناقص کام کرکے ادائیگی وصول کر لے؟ اگر میرے ضلع میں کوئی غلط کام ہوتا ہے تو میں اس کا ذمہ دار ہوں۔ ہم نے بڑے بڑے پل اور اسپتال تعمیر کیے لیکن کبھی کسی کنٹریکٹر پر الزام نہیں لگایا۔ اگر مقصد صرف بیانات دینا ہے تو حکومت چھوڑ دینا ہی بہتر ہے، کیونکہ یہ طرزِ گفتگو حکومتی بینچوں پر مناسب نہیں۔
بیوروکریسی کو برا کہنے کا بڑا شوق چڑھا ہوا ، اپنی شہرت کیلئے اپنے ہی ایوان پر الزام تراشی کر رہے ہیں، نظام کو ہائبرڈ نظام کہتے ہیں، یہی کچھ کرنا ہے تو حکومت سے نکل جائیں، میرے ضلع میں کوئی کام غلط ہے تو میں کیسے ذمہ دار نہیں؟ حنیف عباسی کی خواجہ آصف @KhawajaMAsif پر کڑی تنقید pic.twitter.com/nxmUdKd0nr
— Ahmad Warraich (@ahmadwaraichh) September 2, 2025
حنیف عباسی نے کہاکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہر کوئی وائرل ہونے کی خواہش رکھتا ہے، لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ بہت سی چیزیں ایسی بھی ہیں جو وائرل ہو جائیں تو نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اللہ کا خوف کرنا چاہیے اور معمولی مفاد کے لیے بڑے نقصان کی راہ اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے بقول صرف آدھا کلو گوشت حاصل کرنے کے لیے پوری بھینس ذبح کرنے کی کوشش دانشمندی نہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں