ایوان کے باہر اپنی اسمبلی لگائیں گے، پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) نے قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر پارٹی قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کرے گی، پی ٹی آئی اپنی اسمبلی ایوان سے باہر لگائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس بائیکاٹ کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس عوام کے مینڈیٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں دو تہائی اکثریت تھی، پنجاب میں مجارٹی تھی، سندھ میں ہمارے پاس خاصے ووٹ تھے، اسی طرح قومی اسمبلی میں ہم نے 180 سیٹوں کے ساتھ بیٹھنا تھا، لیکن ہمارا مینڈیٹ ہم سے لے لیا گیا، ہم 91 کے ساتھ بیٹھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں 76 سیٹیں رہ گئی ہیں، باقی ہمارے ساتھیوں کو سزائیں دلوا کر نااہل کرایا گیا، 3 سیٹیں ہم سے دوبارہ گنتی میں لے لی گئی تھیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے بڑی کوشش کی سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈا جائے اور اس پارلیمان کو مضبوط کیا جائے اور ہم پارلیمان میں رہیں، ہمارے تحفظات تھے کہ ایوان پورا نہیں ہے، ایوانوں میں بغیر مینڈیٹ کے لوگ بیٹھے ہیں، ہماری مخصوص نشستیں بھی لے لی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں ہماری آواز کو بھی دبایا گیا، ہمیں اسپیس نہیں ملی، لیکن ہمارا اب ہمارا یہی فیصلہ ہے کہ  کل سے ہم اپنی اسمبلی باہر لگائیں گے، اسمبلی میں جائیں گے اپنی آواز اٹھائیں گے، پوائنٹس آف آرڈر پر بات کریں گے لیکن ہماری پوری اسمبلی باہر ہوگی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے