مقدس مقامات کی زیارات کے لیے مجاز گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایران، عراق اور شام کے مقدس مقامات کی زیارات کے لیے مجاز زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) زائرین کے لیے سفر، رہائش، خوراک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ حکومت زیارت پالیسی پر عمل درآمد شروع کر چکی ہے اور موجودہ سالار سسٹم کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اب زائرین صرف رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے زیارات کے سفر پر جا سکیں گے تاکہ انہیں بہتر سہولیات، شفاف طریقہ کار اور محفوظ سفر مہیا کیا جا سکے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 1,413 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 585 کمپنیوں کو سکیورٹی کلیئرنس ملی ہے۔پہلے مرحلے میں 24 کمپنیاں تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے کے بعد رجسٹریشن کے لیے اہل قرار پائی ہیں جبکہ باقی کمپنیوں کو مطلوبہ کاغذات مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں