وزیراعظم نے آبی ذخائر کی تعمیر کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا،اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ
وزیراعظم نے آبی ذخائر کی تعمیر کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا جس کے لیے جلد اہم اجلاس بلایا جائے گا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کےحکم پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثرپالیسی بنانے پرکام جاری ہے، پالیسی کا ورکنگ پیپر تمام صوبائی حکومتوں سے شیئر کیا جائےگا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال سے نکلتے ہی اعلیٰ سطح اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائےاعلیٰ اورمتعلقہ اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے جب کہ وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی مدعو کیا جائےگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزیر اعظم چاروں صوبوں،آزادکشمیر اور جی بی میں آبی ذخائرکی تعمیرکے لیے حکمت عملی بنارہے ہیں، آبی ذخائر مشاورت اور تمام صوبوں کی مکمل ہم آہنگی سے بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا ہےکہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور مؤثر تیاری سےہی قدرتی آفات کےنقصانات سےبچ سکتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں، آزادکشمیر، جی بی اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کام کرنا ہے، سب کو مل کر لوگوں کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچانا ہے، یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں