ہیڈ قادر آباد پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، حفاظتی بند توڑ دیا گیا
دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے، بیراج کو بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج کی موجودگی میں حفاظتی بند توڑ دیا۔
رائٹ ڈاؤن سٹریم بند میں بارودی مواد نصب کرکے شگاف ڈالا گیا، جس کے بعد منڈی بہاؤالدین کی آبادیوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہیڈ ورکس کی موجودہ گنجائش 8 لاکھ کیوسک ہے جبکہ اس وقت پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 35 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
موجودہ سیلابی صورتحال 2014 کے بعد سب سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے کی صورت اختیار کرگئی ہے، جب ساڑھے 9 لاکھ کیوسک پانی قادر آباد سے گزرا تھا۔
ماضی میں بھی یہ دریا اطراف کی آبادیوں اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا چکا ہے۔ 2014 میں آنے والے بڑے سیلابی ریلے نے لاکھوں ایکڑ اراضی زیر آب کرنے کے ساتھ ہزاروں خاندانوں کو متاثر کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں