دریائے راوی میں 39 سال بعد سیلابی ریلا، ستلج اور چناب بھی خطرے میں
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے انکشاف کیا ہے کہ دریائے راوی میں 39 برس بعد ایک بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت سیلابی ریلا خانکی کے مقام سے گزر رہا ہے جبکہ آج رات شاہدرہ کے مقام سے بھی یہ بڑا ریلا گزرے گا۔تاہم ان کے مطابق اس سیلابی ریلے سے بڑے پیمانے پر تباہی کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے ستلج میں بھی گزشتہ دس روز سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا جاری ہے۔گنڈا سنگھ میں پانی کا بہاؤ دو لاکھ کیوسک سے زائد اور دریائے راوی کے جسڑ مقام پر دو لاکھ دس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عرفان کاٹھیا نے مزید کہا کہ دریاؤں کے قریب رہائشی علاقوں سے پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے اور صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں جس سے دریاؤں میں سیلابی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں