سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 47 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی بارڈر کراس کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 47 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی بلوچستان کے علاقے سمبازا میں کی گئی، جہاں دہشتگردوں کی بڑی تعداد بارڈر کراس کرنے کی کوشش کررہی تھی۔ مارے گئے دہشتگردوں میں زیادہ تر افغان باشندے شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بارڈر پر ہونے والی اس کارروائی کے نتیجے میں ان ہلاک دہشتگردوں کی زیادہ تر لاشیں افغانستان کی طرف گریں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 15 دن گزرنے کے باوجود افغانستان سے کوئی بھی شخص ان دہشتگردوں کی لاشیں اٹھانے نہ آیا۔ اس دوران یہ لاشیں افغانستان کی حدود میں کھلے آسمان تلے گلتی سڑتی رہیں اور گوشت خور جانوروں کی بھوک بھی مٹاتی رہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بالآخر 25 اگست کو افغان حکام کے ساتھ بارڈر پر جرگہ ہونے کے بعد ان لاشوں کو گدھوں پر لاد کر افغانستان کی طرف منتقل کیا گیا۔

سکیورٹی اور انٹیلیجنس اداروں کے مطابق فتنہ الخوارج کی اس بڑی تعداد کو کسی بھی ممکنہ دہشتگردانہ کارروائی سے قبل ہی ہلاک کر دینا پاکستان کی فورسز اور اداروں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے