پی ٹی آئی کا عمران خان کی رہائی کے لیے آئندہ ماہ جلسہ کرنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی ستمبر میں عدلیہ کی آزادی، جمہوریت کی بحالی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ایک بڑا جلسہ منعقد کرے گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ جیل میں عمران خان کی سہولیات بحال کردی گئی ہیں اور انہیں اخبار و کتابیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 3 ماہ بعد عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے جس پر بے حد خوشی ہوئی، ملاقات کرکے اچھا لگا، یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے اور اس پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ملاقات میں ملکی حالات، پارٹی امور اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ مفاہمت کی کوشش کرتے ہیں اور اسی جذبے کے ساتھ جلسے کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔سلمان اکرم راجا کے استعفے سے متعلق خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہوں نے کبھی استعفیٰ دیا ہی نہیں تھا، اس لیے منظوری یا مسترد ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں