9 مئی مقدمات: عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں پر سماعت ملتوی
سپریم کورٹ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی سے متعلق مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دی۔
9 مئی سے متعلق کیسز کی سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بینچ نے کی جس دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، علیمہ خان اور معاون پر اسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز میں معاون پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، انہیں فوڈ پوائزننگ ہو گئی ہے، وہ آج نہیں آسکتے لہٰذا کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیں، اس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ کل سماعت رکھ رہے ہیں، کل دیکھ لیں گے۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ 9 مئی اپیلوں پر کئی بارپراسیکیوٹرز نے سماعت التواء کا شکار بنائی، کم از کم ہمیں اپنے دلائل عدالت میں دینے کی اجازت دیں۔
چیف جسٹس نے جواب دیا ہم آپ سے پہلے استغاثہ کو سنیں گے، استغاثہ کوپہلےاس پیمانے سے گزرنا پڑے گا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار کیسے رہ سکتا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کو روسٹرم پر بولنے سے روک دیا اور کہا کہ ہم کسی فیملی ممبر کو عدالت میں نہیں بولنے دیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں