یوٹیوبر ڈکی بھائی کو عدالت میں پیش، جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع
نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مشہور یوٹیوبر ڈکی بھائی کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر دوبارہ ضلعی کچہری میں پیش کر دیا۔
این سی سی آئی اے نے عدالت سے ڈکی بھائی کے 28 روز کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے دلائل سننے کے بعد یوٹیوبر ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کر دی۔دوسری طرف ڈکی بھائی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی سخت مخالفت کی۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے لاہور نے گزشتہ روز بڑی کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آن لائن بیٹنگ ایپس کو فروغ دینے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سعد الرحمان ذوالفقار عرف ڈکی بھائی کے نام سے ہوئی ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور یوٹیوب پر غیر قانونی بیٹنگ ایپس جیسے Xbet 1 اور Binimi کو فروغ دے رہا تھا۔
ریاست کی مدعیت میں ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 196/25 درج کی گئی ہے، جس میں PECA ترمیمی ایکٹ 2025 کی دفعات 13، 14، 25، 26 اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 294-B اور 420 شامل کی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں