بارشوں کا نیا سلسلہ، نالے بپھر گئے،سیلاب کا خطرہ،ہلاکتیں 690 سے بڑھ گئیں
مون سون کے ساتویں سپیل کے زیر اثر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث کئی مقامات پر سیلاب آنے کے خطرات بھی موجود ہیں۔
ملتان، جھنگ اور کبیر والا میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ چکوال شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔تین گھنٹوں سے وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث چکوال شہر کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ کلرکہار میں جاری بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
چکوال میں ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات کی ہے۔خانیوال، کوٹ ادو، سرگودھا اور وہاڑی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون سے اب تک بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہونے والے حادثات میں اب تک 690 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 171 بچے، 94 خواتین اور 392 مرد شامل ہیں جب کہ حادثات میں 920 افراد زخمی بھی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا جہاں مختلف حادثات میں اب تک 373 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ بہت سے لوگ اب تک لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
اس کے علاوہ مون سون بارشوں سے پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32، آزاد کشمیر میں 15 جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 ہلاکتیں ہوئیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں