ویل ڈن نیب :31 ارب روپے کی ریکوری، ہزاروں متاثرین کو رقوم واپس

قومی احتساب بیورو (نیب) نے عوامی مفاد کے تحفظ اور لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سال 2025 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں 3.456 ارب روپے کی ریکارڈ ریکوری کی گئی۔

نیب کے مطابق سال 2025 کی پہلی 2 سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 31.547 ارب روپے کی وصولی عمل میں لائی گئی جبکہ 33.532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں وفاقی و صوبائی وزارتوں، محکموں اور مالیاتی اداروں کے حوالے کی گئیں۔ اس عرصے میں دھوکا دہی کے مختلف مقدمات میں 12,611 متاثرین کو ان کی رقوم واپس دلائی گئیں۔

نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کے سیکٹر E-11 میں واقع 51 کنال قیمتی سرکاری اراضی، جس کی مالیت 29 ارب روپے ہے، برآمد کرکے سی ڈی اے کے حوالے کی۔ اسی طرح عوام سے دھوکا دہی کے بڑے کیس (B4U) میں 3 ارب روپے کی ریکوری کی گئی، جو 17,214 متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔

نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین اور سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی 127 کنال و 15 مرلہ اراضی (مالیت 160.895 ملین روپے) بازیاب کرائی۔

نیب لاہور نے ایڈن کیس میں 3.2 ارب روپے کی رقم 11,880 متاثرین میں تقسیم کی جبکہ پاک عرب ہاؤسنگ کیس میں 9.3 ارب روپے مالیت کی 8 جائیدادیں بازیاب کرکے 2,500 متاثرین کو رقم کی صورت میں فراہم کرنے کا عمل شروع کیا۔نیب کا کہنا ہے کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے