معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش، پاکستان کو کتنا نقصان ہوا؟
وزیر دفاع خواجہ آصف نے معرکہ حق کے بعد بھارت کے لیے فضائی حدود کے استعمال پر پابندی سے پاکستان کو ہونے والے نقصان کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریری طور پر قومی اسمبلی کو بتایا کہ معرکہ حق کے بعد بھارت کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے یومیہ 100 سے150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ تمام بھارتی طیاروں کی پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی گئی، بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود کی بندش سے پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کو 401 ارب روپے کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہاکہ 2019 میں فضائی حدود کی بندش کے نتیجے میں 7.6 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔
وزیر دفاع نے کہاکہ قومی خودمختاری، دفاع اور وطن عزیز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، بھارت کے علاوہ پاکستان کی فضائی حدود تمام ایئرلائنز کے لیے دستیاب ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی ایئرلائنز اور طیاروں پر بھی بھارتی فضائی حدود میں پرواز پر پابندی ہے۔
7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملہ کرنے اور پھر پاکستان کی جانب سے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ شروع کرتے ہوئے بھرپور جواب دیے جانے کے بعد سے پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے لیے بند ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں