نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اوورسیز ،ہنر مند پالیسی پر اجلاس

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیرون ملک روزگار، ہنر مند افرادی قوت کی برآمد اور ٹیکنیکل و ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) سے متعلق پاکستان کی پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزارت اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ نے پاکستانی تارکینِ وطن کے رجحانات اور عالمی منڈیوں میں ابھرتے ہوئے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر ہنر مند لیبر کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنے کے امکانات روشن ہیں۔

ڈپٹی وزیراعظم/وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ پاکستان کو معیاری ہنر مندی کی تربیت میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی، نئی شعبہ جات اور ممالک کو ہدف بنانا ہوگا، اور انسانی وسائل کو عالمی تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات نہ صرف ترسیلات زر میں اضافے کا باعث بنیں گے بلکہ بیرون ملک روزگار کے مواقع میں بھی وسعت پیدا کریں گے اور پاکستان کی عالمی سطح پر مسابقتی حیثیت کو مضبوط کریں گے۔

اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو قومی پالیسی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر اس پر عملدرآمد کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ، وزیر تجارت، وزیر مملکت برائے صحت، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹریز کابینہ و ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ، وزارت خارجہ و دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے