اسلام آباد:سی ڈی اے کے شعبوں میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت میں عوامی سہولت اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنے مختلف شعبوں میں کیش لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد شہری اب مختلف سروسز کی ادائیگیاں آن لائن اور ڈیجیٹل ذرائع سے کر سکیں گے۔

یہ فیصلہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں انہوں نے ہدایت دی کہ ادارے کی تمام سروسز کی فیسوں کی ادائیگی کے لیے کیو آرکوڈ سسٹم متعارف کروایا جائے تاکہ شفافیت اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ اب پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس سمیت دیگر تمام فیسیں ڈیجیٹل طریقے سے ادا کی جا سکیں گی۔ سی ڈی اے اسلام آباد کو سیف سٹی سے اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں بینکوں کے تعاون سے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز بھی جلد متعارف کروائی جائیں گی، جن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے خدمات حاصل کر سکیں گے۔

محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے عملے کی تربیت اور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ ون ونڈو فسیلیٹیشن سینٹر میں بھی کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی ڈی اے کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مالی شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ شہریوں کو آسان، تیز اور محفوظ سروسز کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے