فورسز کا مورال بلند، عوام تنقید سے قبل شہدا کے خاندانوں کا سوچا کریں:گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کسی ایک کی غلطی کی سزا دوسرے کو نہیں ملنی چاہیے، عوام فورسز پر تنقید سے قبل شہدا کے خاندانوں کا سوچا کریں، ہم نے اپنی فورسز کا مورال بلند کرنا ہے۔
پشاور میں یوم شہدا پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس جن دہشتگردوں سے نبرد آزما ہے وہ کوئی عام مجرم نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پولیس کو جدید اسلحہ، آلات اور 100 سے زیادہ بلٹ پروف گاڑیاں دی ہیں، جبکہ پولیس کے شہدا پیکج میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہم پولیس شہدا کے لواحقین کا بھرپور خیال رکھیں گے، اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ایک ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے، سہولیات سے متعلق کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی، کیوں کہ یہاں کی پولیس نے امن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ فوج اور پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کررہی ہیں، ہم نے خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کردی ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ پانچوں انگلیاں بھی برابر نہیں ہوتی، عوام کی فورسز میں اگر کسی سے ناراضی ہو جائے تو تنقید سے قبل شہدا کے خاندانوں کا سوچا کریں۔انہوں نے کہاکہ شہید کا بہت بڑا رتبہ ہے، لیکن جب کسی کے ساتھ کوئی ایسا حادثہ پیش آتا ہے تو خاندان کے لیے یہ بہت مشکل وقت ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ نہیں ہو سکتا کہ شہدا کے خاندان دفاتر میں دھکے کھاتے پھریں، اب وزیراعلیٰ سے لے کر نیچے تک سرکاری دفاتر میں ہر شخص شہدا کے لواحقین سے کھڑا ہو کر ملے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں