آپریشن بنیان مرصوص میں بیرونی حمایت کے الزامات حقائق کے منافی ہیں،فیلڈمارشل عاصم منیر
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت آپریشن سندور کے دوران اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنےمیں ناکام رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے پیر کے روز جاری بیان کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’نیشنل سکیورٹی اینڈ وارکورس‘ کرنے والے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شرکا سے خطاب کے دوران جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی جب کہ انہوں نے چیلنجز سے نمٹنےکےلیے ذہنی تیاری، عملی فہم، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور سول ملٹری اداروں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینےکی ضرورت پر بھی زوردیا۔
فیلڈ مارشل نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی میں بھارت کی جانب سے بیرونی حمایت جیسے الزامات غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں، اس قسم کے بیانات بھارت کی آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرنے میں روایتی ہچکچاہٹ کی عکاسی کرتے ہیں اور پاکستان کی دہائیوں پر مبنی حکمتِ عملی، مقامی صلاحیت اور مضبوط اداروں کی بنیاد پر کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے، بھارت کی طرف سے اس طرح کے بے بنیاد بیانات کا مقصد خطے میں فرضی ’نیٹ سیکیورٹی پروائڈر‘ کے خود ساختہ کردار کی ناکام کوشش ہے ، وہ بھی ایسے وقت میں جب خطے کے ممالک بھارت کی جارحانہ اور ہندوتوا نظریے سے تنگ ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کے خودغرضانہ اور تنگ نظر برتاؤ کے برعکس پاکستان نے اقوام عالم میں اصولی سفارتکاری پر مبنی دیرپا شراکت داری، باہمی احترام اور امن کی بنیاد پر تعلقات قائم کیے ہیں اور خود کو خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر ثابت کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’کسی بھی مہم جوئی، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش یا اس کی خلاف ورزی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے فوری اور منہ توڑجواب دیا جائے گا‘۔
فیلڈ مارشل نے خبردار کیا کہ ہماری آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں، اقتصادی مراکز اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ اس پیدا ہونے والی کشیدگی کی اصل ذمہ داری اس (بھارت) بصیرت سے محروم مغرور جارح پر عائد ہوگی، جو ایک خودمختار ایٹمی ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی سے پیدا ہونے والے ممکنہ تباہ کن نتائج کا ادراک کرنے میں ناکام رہا۔
آرمی چیف نے کہاکہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی، درآمد شدہ فینسی جنگی ساز و سامان یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں جیتی جاتیں، جنگیں یقین ِ محکم ،پیشہ ورانہ قابلیت ، آپریشنل شفافیت، اداروں کی مضبوطی اور قومی عزم وحوصلےکے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے اورجنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، فیلڈ مارشل نے فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت اور قوم کے لیے غیر متزلزل عزم پر ثابت قدم رہیں
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں