گلگت بلتستان کی سیاحت میں غیرملکی سفیروں کی خاص دلچسپی

قدرتی حسن اور وسائل کی دولت سے مالامال خطے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیر بھی دلچسپی لینے لگے ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے ایک پری ٹورازم سمٹ کااہتمام کیا جس میں سیاحت کے شعبہ سے وابستہ ماہرین سمیت غیر ملکی سفیروں کی شرکت بھی نمایاں تھی۔

یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کا ٹورازم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یورپی یونین گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بہت سے منصوبے شروع کرنا چاہتی ہے۔سفیر نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے پاکستان کے مشہور ترین خطوں میں سے ایک ہے، جس کی اپنی مقامی ثقافت ہے، جس سے دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحتی سہولیات میں اضافہ کر کے اس خطے کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔
مصر کے سفیر ایہاب عبدالحمید حسن،آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف ۔قازقستان کے سفیر یرزن کِستافان،ملائیشیا کے سفیر اظہر مالان نے بھی گلگت بلتستان کے قدرتی حسن کی تعریف کی اور اسے سرمایہ کاری کاحب بنانے کامشورہ دیا۔ تقریب میں میانماراور یمن کے سفیر بھی موجود تھے۔،
اس موقع پر اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں جن کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ٹورازم سمٹ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ اور علاقائی معیشت کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے اہم ہے۔
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو ناگزیر قرار دیا۔ اپنے خطاب میں گورنر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتسان میں روایتی، زرعی، طبی اور ثقافتی سیاحت سمیت تمام اہم قسم کی سیاحت کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، جو اپنی منفرد مقامی ثقافت اور حقیقی ورثے کے ساتھ غیر ملکی سیاحوں کو راغب کر سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے