ایران اسرائیل جنگ میں شدت،تل ابیب میں پہلی بار ایسی تباہی دیکھی،امریکی میڈیا
ایران اور اسرائیل جنگ میں مزید شدت آتی جارہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تیسرے روز بھی حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔
عالمی میڈیا کے مطابق رات بھر ایرانی میزائل حملوں سے متعدد اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ کم از کم دس اسرائیلی شہری ایرانی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 100 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں، امریکی میڈیا نے اسرائیل میں تباہی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل نے اس سے پہلے کبھی ایسی تباہی نہیں دیکھی ہوگی جو حالیہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں دیکھی جارہی ہے ۔ ایرانی میزائل حملوں میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ سی این این کے مطابق اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔

دوسری طرف ایران میں بھی اسرائیلی حملے تیز ہوتے جارہے ہیں اور بڑے پیمانے پر جانی اور انفراسٹرکچر کے نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس کے درجنوں جنگی طیاروں نے رات بھر اور ایران کے ساتھ لڑائی کے تیسرے روز تہران میں کم از کم 80 اہداف پر حملے کیے ہیں۔
ان میں ایران کی وزارت دفاع کا ہیڈکوارٹرز، فوج کا ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ اور دیگر اہداف جہاں ایرانی حکومت نے جوہری ذخیرہ چھپا رکھا ہے شامل ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ دیگر اہداف میں فیول کی دو ’دوہرے مقاصد کے لیے استعمال‘ ہونے والی سائٹس شامل تھیں جو فوجی اور جوہری دونوں کارروائیوں کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔
آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے آپریشن ’رائزنگ لائن‘ کے تین دنوں سے بھی کم عرصے میں ایران میں 170 سے زیادہ اہداف اور 720 ملٹری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔
ایران کے دارالحکومت تہران کی تیل کی وزارت کا کہنا ہے کہ شہران آئل ڈپو کو اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جہاں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔اس کے باوجود ایران کے مطابق یہ آئل ریفائنری ابھی فعال ہے۔
اتوار کے روز اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفری نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے اپنے حملوں کو ایک لمحے کے لیے بھی نہیں روکا ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’اس وقت بھی ہم تہران کے درجنوں مقامات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔‘
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بھی ایرانی حملوں کے بارے میں کہا: ’ہمارے آگے مشکل دن ہیں، ہم آنے والے دنوں میں مزید آپریشن اور اور حملے دیکھیں گے۔
ایرانی میڈیا کی خبروں کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں 128 ایرانی شہری ہلاک اور تقریباً 900 زخمی ہوئے ہیں۔
چند روز قبل اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 78 ایرانی ہلاک ہو چکے ہیں۔
گذشتہ روز ایران کے سرکاری ٹی وی پر یہ خبر بھی نشر ہو رہی تھی کہ تہران میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 20 بچوں سمیت 60 شہری مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں اب تک بیس ایرانی جرنیلوں اور 9 سائنسدانوں کے شہید ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایران کی جوہری اور توانائی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے
دوسری طرف اسرائیل کے شہر بیت یام میں اطلاعات ہیں کہ ایک دس منزلہ عمارت کے ملبے میں سات افراد پھنسے ہوئے ہیں جبکہ اس عمارت پر میزائل حملے میں دس لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں