وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات جائیں گے
وزیراعظم پاکستان آج ایک اہم سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے، جس میں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کی اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس دوران دونوں رہنما دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، معاشی تعاون کو گہرا کرنے اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ہوگا۔ اس دوران موجودہ شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، اور یہ دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں