وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت اہم اجلاس، بجٹ 2025 پر مشاورت، ہر شہری کے لیے ترقی اور صحت کارڈ کے اجراء کا تاریخی فیصلہ
مظفرآباد : وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس مظفرآباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور فارورڈ بلاک کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اراکینِ پارلیمان نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اجلاس کے دوران آزادکشمیر کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے مالی سال میں صحت کارڈ کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی نے اس انقلابی اقدام کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر حکومت کے فیصلے کی بھرپور تائید کی۔
اجلاس میں مالی سال 2025 کے بجٹ سے متعلق حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ تمام ترقیاتی فنڈز مساوی بنیادوں پر تقسیم کیے جائیں گے تاکہ ہر حلقے میں یکساں ترقی ممکن ہو۔ نوجوانوں، خواتین، ہنر مند افراد اور مہاجرین کے علاقوں میں بھی مساوی ترقی کے لیے موثر اور بروقت اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بیس کیمپ کی حکومت مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ بھارتی اشتعال انگیزی، سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ منسوخی، اور ایل او سی پر جارحیت جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر بھی زور دیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے بھارت کی خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے والی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی امن پسندانہ حکمت عملی کو سراہا۔ مسلح افواج پاکستان کو وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں پر خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کا حکومت کو مکمل ادراک ہے اور صحت جیسے بنیادی مسئلے کے حل کے لیے حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کے اجراء سے عام شہری کو مفت علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی، جو حکومت کی فلاحی پالیسیوں کا حصہ ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ سستا آٹا اور بجلی پر سبسڈی جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے متاثرہ شہداء و زخمیوں کے لیے فوری امداد یقینی بنائی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حکومت کا مشن عوامی خدمت ہے، اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر آزادکشمیر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اقدامات کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا بجٹ عام آدمی کو ریلیف دے گا اور ہم اسلاف کے نظریات پر کاربند رہتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر تمام اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا عہد کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں