نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس فیس جرمانوں سمیت ڈبل کر دی

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے رواں مالی سال کے دوران پانچویں مرتبہ ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے، جو ملک بھر کی موٹرویز اور ایکسپریس ویز پر سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کو براہِ راست متاثر کرے گا۔ این ایچ اے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی شرحیں 15 جون 2025 سے نافذ العمل ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وہ گاڑیاں جو ایم ٹیگ کے بغیر ہوں گی یا جن کا بیلنس کم ہو گا، ان پر 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس لاگو ہو گا۔ این ایچ اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے اپنے ایم ٹیگ فعال کروا کر اضافی چارجز سے بچیں۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق، ٹول ٹیکس میں یہ اضافہ ریونیو بڑھانے اور ایم ٹیگ سسٹم کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ٹول پلازوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔

اسلام آباد تا لاہور موٹروے: 1800 روپے

لاہور تا عبدالحکیم: 1200 روپے

پنڈی بھٹیاں تا ملتان: 1600 روپے

ملتان تا سکھر: 1800 روپے

ڈی آئی خان تا حاکلہ: 1000 روپے

حسن ابدال تا مانسہرہ (ایکسپریس وے): 450 روپے

کمرشل اور بھاری گاڑیوں کے لیے بھی ٹول میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے:

لاہور تا اسلام آباد (2 اور 3 ایکسل ٹرک): 7900 روپے

آرٹی کیولیٹڈ ٹرک: 10200 روپے

این ایچ اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 جون سے پہلے اپنے ایم ٹیگ اکاؤنٹس میں مطلوبہ بیلنس یقینی بنائیں اور ایم ٹیگ فعال کروا لیں تاکہ اضافی چارجز سے بچا جا سکے اور سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے