ہندوستان آزاد کشمیرکو غیر مستحکم کررہاہے،انوارالحق

وزیراعظم و چئیرمین سیل آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت جموں و کشمیر لبریشن سیل بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خوشحال خان، سیکرٹری سروسز ظفر محمود خان، سیکرٹری مالیات اسلام زیب، سیکرٹری کشمیر کاز آرٹس اینڈ لینگویجز محمد رفاقت مغل، اور ڈائریکٹر انتظامیہ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے شرکت کی

اجلاس میں سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل رفاقت مغل نے سیل کے معاملات و مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں 18ویں بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر آزادکشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت کے تمام وسائل اس مقدس مقصد کے لیے وقف ہیں۔ انہوں نے لبریشن سیل کو نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور آنے والی نسل کو تحریک آزادی سے روشناس کرانے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے کام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان معرکہ حق میں شکست کے بعد آزادکشمیر کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جسے ناکام بنانے کے لیے تمام اداروں اور عوام کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔

چوہدری انوارالحق نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی کشمیریوں کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو سراہا اور اس تعاون پر پاکستانی قوم کے مشکور ہونے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی اور ہر سطح پر تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے