وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء کے ایک وفدکی ملاقات
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر حکومتِ آزادکشمیر کے وزراء میاں عبدالوحید اور نثار انصر ابدالی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر ایک پرامن اور سیاسی طور پر باشعور خطہ ہے، جہاں عوام کو بنیادی جمہوری آزادیاں حاصل ہیں اور یہاں ایک بھی سیاسی قیدی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اتحادی جماعتوں پر مبنی ایک نمائندہ حکومت قائم ہے جو جمہوری اقدار کو فروغ دے رہی ہے، اور ترقیاتی بجٹ کو حکومت و اپوزیشن میں مساوی طور پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیس کیمپ کی حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں جبکہ آزادکشمیر میں پاکستان کی محافظ افواج دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔
چوہدری انوارالحق نے پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کے قیام سے قبل ہی کشمیری قیادت نے الحاقِ پاکستان کی قرارداد منظور کرلی تھی، جو آج بھی ہماری سیاسی جدوجہد کی بنیاد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی جدوجہد کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر حربی راستے کو بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے مکمل آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔”
وزیراعظم نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں سے استصواب رائے کا دیرینہ وعدہ پورا کرے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم پر انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
طلباء نے وزیراعظم کی بصیرت افروز گفتگو کو سراہا اور کشمیر کاز سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں