سوراب:دہشت گردوں کا تھانے، بینک اور سرکاری افسران کے گھروں پرحملہ، اے ڈی سی شہید

بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بینک اورسرکاری افسر کے گھر پر حملہ کردیا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ریونیو ہدایت بلیدی دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق سوراب میں بینک اورانتظامی آفیسرکی رہائشگاہ پرحملہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے، سوراب بازارمیں بینک لوٹا گیا اوت  سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ حملے میں اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کربہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی رہائش گاہ پرخواتین اور بچے موجود تھے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بھارت کی پراکسیز نے بھارت کی ایما پر کارروائی کی تاہم ریاست دشمن عناصرکی ہرکوشش ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایف سی، پولیس اور لیویزعلاقے میں پہنچ گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سوراب میں مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن پر بھی حملہ کرکےاسے آگ لگادی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع سوارب میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشتگردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور ان کے لیے صبر کی دعا کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے