بھارت : تابکاری مواد کی غیر قانونی فروخت پرپاکستان کا اظہار تشویش
پاکستان نے بھارت میں جوہری اور تابکاری مواد کی چوری اور ان کی غیر قانونی فروخت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت میں ریڈیو ایکٹیو مواد کلیفورنیم کے ساتھ ایک گینگ کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں چند افراد پر مشتمل گینگ سے شدید ریڈیو ایکٹیو اور زہریلا مواد کیلیفورنیم برآمد ہوا ہے، جس کی مالیت 10 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں 2021 میں کیلیفورنیم کی چوری کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، بھارت میں 5 افراد کے ایک گروہ سے مبینہ طور پر بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر سے چرائی ہوئی ریڈیو ایکٹیو ڈیوائس بھی برآمد ہوئی، یہ مسلسل ہونے والے واقعات نئی دہلی کی سکیورٹی سے متعلق سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت سے کیلیفورنیم مواد برآمدگی کے انکشافات پر جواب طلبی کرے، بھارت میں ایسے مواد کا مسلسل غلط ہاتھوں میں پایا جانا انتہائی خطرناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واقعے کی مکمل تحقیقات اور انہیں روکنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کے مطالبہ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ریاست بہار کے گوپال گنج ضلع میں تین افراد کی گرفتاری کے بعد نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر سخت دباؤ آ گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں