کشمیر کاسودا ناممکن،پانی ہماری ریڈ لائن ہے بھارتی اجارہ داری قبول نہیں،فیلڈمارشل عاصم منیر
فیلڈمارشل چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، پانی ہماری ریڈ لائن ہے ہم بھارتی اجارہ داری کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسیپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہےکہ میں آج جو کچھ بھی ہوں ، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں۔ فیلڈمارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے۔ آپ(اساتذہ) نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی۔ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی۔
کشمیر کے حوالے سے فیلڈ مارشل نے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سوداممکن نہیں ، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے۔ ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
پاکستان، ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا۔ ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے، جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے۔
سید عاصم منیر نے بلوچستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں