کویت نے پاکستانیوں کےلئے دروازے کھول دیئے،ویزوں پر عائد پابندی ختم

  وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن مصطفیٰ ملک نے تصدیق کی ہے کہ  کویتی حکومت نے  پاکستانی شہریوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزوں کا اجراء شروع کر دیا ہے ۔

ترجمان کے مطابق نئی پالیسی کے تحت پاکستانی  فیملی وزٹ ویزہ،بزنس ویزہ،  ٹورسٹ ویزہ، ورک ویزہ حاصل کر سکیں گے۔ یہ تمام ویزے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ویزہ درخواست پر کارروائی کا وقت ایک منٹ سے لے کر 24 گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔

 ترجمان کا کہنا تھا کہ ویزوں کے اجراء سے ہزاروں افراد کو کویت میں روزگار، تجارت اور سیاحت کے مواقع ملیں گے۔ یہ پاکستان اور کویت کے مابین تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے جس کا سہرا کویتی حکومت اور یماری وزارت اوورسیز کو جاتا ہے۔ پاکستانی ہنر مندوں کو کویت میں روزگار ملنے سے پاکستان کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہو گا ۔ کویتی دینار دنیا کی سب سے مضبوط کرنسی ہے اور ایک کویتی دینار 914  روپے کے برابر ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی کوششوں سے دنیا پاکستانی ہنرمندوں پر بند دروازے کھول رہی ہے۔ رواں ماہ ہی  وفاقی وزیر سمندر پار پاکسانیز چوہدری سالک حسین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  کی کوششوں سے پاکستان اور اٹلی کے درمیان غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور پاکستانیوں کے لیے روز گار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایم او یو پر بھی دستخط ہوئے۔

اس عظیم کامیابی کے نتیجے میں اٹلی پہلا یورپین ملک ہے جو پاکستانی ورک فورس لینے کیلئے براہ راست ایم او یو کر رہا ہے۔  ایم او یو کے تحت اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریوں میں سالانہ کوٹہ مختص کیا جائے گا۔وفاقی حکومت کی خصوصی دلچسپی سے بیلا روس کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کی تربیت اور ورک ویزوں کے متعلق ایک تاریخی معاہدہ طے پاچکا ہے۔ عرب ممالک بھی پاکستان سے ہنرمند افراد کو روزگار دینے کے خواں ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے