پاک ترک دوستی کا رشتہ انمول ہے پاکستان میں کبھی خود کواجنبی محسوس نہیں کیا، ترک سفیر

اسلام آباد میں تعینات ترک سفیرڈاکٹر عرفان نزیروغلو نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دوستی کا رشتہ انمول ہے ایسے رشتوں کی دنیا میں مثال کم ہی ملتی ہے ۔

وہ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پرترکش کوزین ویک کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ترکش کوزین ویک”ہر سال 21 سے 27 مئی تک ترکی سمیت دنیا بھر میں منایا جاتا ہے تاکہ متنوع اور بھرپور کھانوں کی ترک ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے ۔ تقریب میں ترکی کے بھرپور ثقافتی ورثے اور پاکستان سے اس کی گہری برادرانہ وابستگی کو اجاگر کیا گیا۔ سفارتکاروں، سرکاری عہدیداروں، میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی ۔

یہ بھی پڑھیں:روم: ایران امریکا جوہری مذاکرات کے پانچویں دور کا آغاز

مہمانوں کی تواضع روایتی ترک کھانوں سے کی گئی، جو ذائقے اور تہذیبی ہم آہنگی کا حسین امتزاج تھا۔تقریب کا ایک خاص حصہ ترک کافی کی روایتی پیشکش تھی، جو گرم ریت میں تیار کی گئی، اور مہمانوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیرنزیروغلو نے کہا کہ ترک کھانے صرف ذائقے ہی نہیں بلکہ ہمارے ثقافتی ورثے اور اجتماعی اقدار کے عکاس بھی ہیں۔” پاکستانی عوام، خاص طور پر وہ جو ترکی کا سفر کر چکے ہیں، ترک کھانوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ "ہمارے ہاں کھانے صرف خوراک نہیں بلکہ میل ملاپ، گرمجوشی اور کمیونٹی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اصل روح ‘شراکت داری’ ہے۔”انہوں نے ترکی اور پاکستان کے مابین لازوال برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "ترکی اور پاکستان کے درمیان اخوت کا رشتہ انمول ہے، جو دنیا میں بہت کم ممالک کو حاصل ہے۔

ہم ایک دوسرے کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور غم میں شریک ہوتے ہیں۔ پاکستان میں ہم کبھی اجنبی محسوس نہیں کرتے۔ میں ہر پاکستانی، عام شہری سے لے کر اعلیٰ قیادت تک، کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنا بھائی سمجھا۔

"سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، ثقافت، میڈیا، اعلیٰ تعلیم، عدلیہ اور پارلیمانی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔تقریب کے انعقاد پر سفیر نے اپنی اہلیہ، امینے نزیروغلو، اور ان کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اورنائب سفیر، برک، نوجوان سفارتی ٹیم کو بھی تقریب کے مہمانوں کو ترک کھانوں کے ذائقوں سے روشناس کرانے پر خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کا اختتام "ترکی-پاکستان دوستی زندہ باد کے پرجوش نعروں سے ہوا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے