صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں خطاب
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یہ برطانیہ کی دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ یہ مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر بر صغیر سے گیا اور کشمیری عوام 77سال گزر جانے کے باوجود بھی اپنی آزادی کے لئے آج تک اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جس سے خطے کا امن خطرے میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹی سے چنگاری دنیا کے امن کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ لہذا مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوص برطانیہ اپنا کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن کی راہ ہموار ہو سکے۔ عالمی برادری کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ جنوبی ایشیاء میں قیام امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔
مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر کشمیری عوام کو بھی بٹھایا جائے کیونکہ اس مسئلے کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں لیکن انٹرنیشنل کمیونٹی اس سلسلے میں بھارت پر زور دے کے وہ مذاکرات سے سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں اعتماد سازی (CBMs)کے اقدامات کرے تاکہ مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں ممبران برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربرطانوی ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین، برطانوی ممبر پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز(Debbie Abrahams MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ نیل ڈنکن جورڈن (Neil Duncan Jordan MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ جان ٹریکٹ (Jon Trickett MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ طاہر علی، برطانوی ممبر پارلیمنٹ گراہم موریس (Grahame Morris MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ میٹ ٹرمین (Matt Turmain MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ جان میکڈونل (John McDonnel MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ ہرپریت اوپال (Harpreet Uppal MP)، برطانوی ممبر ہاؤس آف لارڈز لارڈ قربان حسین، برطانوی ممبر پارلیمنٹ آئن لیوری (Ian Lavery MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ جیس اتوال (Jas Atwal MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ محمد اقبال، برطانوی ممبر پارلیمنٹ اینڈریو پیکس (Andrew Pakes MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ ایوب خان، بیرونس پولا الدین (Baroness Pola Uddin)، بیرونس نوشینا شاہین مبارک (Baroness Nosheena Shaheen Mobarik)، بیرونس شائستہ گوہر(Baroness Shaista Gohir)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ گل فرنس(Gill Furniss MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ پاؤلہ بارکر (Paula Barker MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ کیٹ ڈئیرڈن(Kate Dearden MP)،برطانوی ممبر پارلیمنٹ سیلی جیمسن (Sally Jameson MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ مینولا پر ٹیگلیلا(Manuela Perteghella MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ اینا ڈکسن (Anna Dixon MP)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ ول فوسٹر (Will Forster MP)اور دیگر ممبران برطانوی پارلیمنٹ نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ہم برطانوی پارلیمنٹ، برطانوی حکومت سمیت ہر فورم پر کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے آواز اُٹھائیں گے اور کشمیری عوام ایک طویل عرصے سے اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے۔
ہم پہلے بھی اس سلسلے میں آواز اُٹھاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہمیشہ کی طرح برطانوی پارلیمنٹ میں آکر ہمارے ضمیر کو جھنجوڑتے ہیں اورہم صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے بھرپور انداز میں آواز اُٹھائیں گے۔اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز(Debbie Abrahams MP) نے کہا کہ ہم صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مشکور ہیں کہ وہ یہاں پر تشریف لائے اور ہمیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر آگاہی دی اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ برطانوی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز اُٹھائیں گے۔
اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیاں بڑھتی جا رہی ہیں بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیرمیں بلکہ خود بھارت میں بھی مقیم اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ بھارت اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی سیکولر اسٹیٹ اور جمہوریت ہونے کا دعویدار تھا لیکن اب مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث بھارت کی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے اور بھارت کا مکروہ چہرہ ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے نمودار ہوا ہے۔ بھارت نے نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جس کے واضح اور دو ٹوک ثبوت کینیڈا کی وزیر جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے جس میں اُنہوں نے بتایا کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت ملوث ہے اور اسی طرح دنیا کے دیگر ممالک نے بھی بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے شواہد دئیے ہیں۔
صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ اس خطے کے جغرافیائی خدوخال اور معاشرتی اقدار سے بخوبی واقف ہے اور مسئلہ کشمیر برطانیہ کا ہی پیدا کردا ہے لہذا برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مظلوم کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے قریبی ساتھی،سابق ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل وسابق امیدوار اسمبلی امین چغتائی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سابق ممبر آزاد جموں وکشمیر کونسل و سابق امیدوار اسمبلی امین چغتائی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ و ارفع مقام عطا فرمائے اور جملہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں