کارکنان تیاری کریں ،کسی بھی وقت الیکشن کا بگل بج سکتا ہے ، صدر ن لیگ آزاد جموں کشمیر شاہ غلام قادر  

پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے پہلےدو سال پی ٹی آئی کی حکومت نے ضائع کر دئیے اور گذشتہ دوسال آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کو غیر متعلق کرکے ایم ایل ایز کی حکومت جیسے ناکام تجربہ پر ضائع کیے گئے ،مرکزی قیادت کو بتا دیا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کا بوجھ مسلم لیگی کارکنان نہیں اٹھا سکتے، کارکنان تیاری کریں حالات ایسے بن رہے ہیں کہ کسی بھی وقت الیکشن کا بگل بج سکتا ہے۔ 

اختیار کے بغیر بلدیاتی نمائندوں کا کوئی فائدہ نہیں اگر حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنانے کیلئے کوئی قدم نہ اٹھایا تو مسلم لیگ(ن) خود اسمبلی میں بل لے کر آئے گی۔تاریخ سے نابلد چند لوگ نوجوان نسل کو گمراہ کیلئے حقائق کو مسخ کرکے سوشل میڈیا پر نظریاتی تخریب کاری کوہوا دے رہے ہیں ہمارے اسلاف نے مہاراجہ کے جھنڈے کی بحالی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش نہیں کیے اور نہ ہی اس خطہ کی آزادی کسی نے پلیٹ میں رکھ کر ہمیں دی تھی اس آزادی میں لاکھوں شہدا کا خون شامل ہے ہمارے آباؤ اجداد کی زندہ کھالیں کھینچی گئیں تب جا کر ہم آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا اور شہ رگ ہر صورت چھڑائیں گے،کشمیر یوتھ الائنس اور مسلم یوتھ لیگ کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس

مہاراجہ کے دور کا جھنڈا بلند کرنے والوں سے پوچھنا چاہتاہوں کہ کیا ہمارے بزرگوں نے مہاراجہ کے جھنڈے کو بحال کرنے کیلئے قربانیاں دیں تھیں؟ سوشل میڈیا پر پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے بتائیں کہ ہندوستان کی مختلف جیلوں میں جو 15ہزار سے زائد سیاسی قیدی ہیں ان کیلیے آواز کیوں نہیں اٹھاتے۔ ان میں بچے بوڑھے جوان اور خواتین تک شامل ہیں اور وہ ان کی ضمانتیں تک نہیں ہونے دیتے ان کی بات کیوں نہیں کرتے؟ ادھر  تو کوئی سیاسی قید ی نہیں ہے یہاں تو ایک دن کسی سے باز پرس کیلئے لایا جاتا ہے تو دوسرے دن چھوڑ دیا جاتا ہے اور وہ دوسرے دن جلوس کی قیادت کرتاہوا آجاتا ہے۔

دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں کوئی حکومت کے خلاف بات کرے تو اس کی لاش تک نہیں ملتی۔عوامی ایکشن کمیٹی آٹے کی قلت اور مہنگی بجلی کیخلاف عمل میں آئی تھی اور عوامی حقوق کی بحالی کیلئے ہمارے کارکنوں نے بھی اس میں بھرپور حصہ لیا اور ہم سب نے کہا کہ ہمارے ہاں پانی سے سستی بجلی پیدا ہوتی ہے تو پھر ہم پٹرول اور فرنس آئل سے پیدا ہونے والی مہنگی بجلی کا بل کیوں دیں؟

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اس کا فوری نوٹس لیا اورہمیں بلا کر آزاد کشمیر کے عوام کو سستا آٹا اور بجلی کی فراہمی کیلئے23ارب کا پیکج دیا اور مسئلہ حل ہو گیا لیکن آج عوامی حقوق کی بحالی کے نام پر آزاد کشمیر میں نظریاتی تخریب کاری جا رہی ہے جس کا ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ہم اپنی شناخت پر کمپرو مائز نہیں کر سکتے لیکن ہم پاکستان کی ساتھ قائم نظریاتی رشتے کو بھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے اگر آپ نے آزاد کشمیر میں عوام کے حقوق کی بات کرنی ہے آپ آزاد کشمیر کے وسائل میں اضافہ چاہتے ہیں اور آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی ، آئین و قانون کی سربلندی اور میرٹ کی بحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں۔ آئیں مسلم لیگ (ن)  میں شامل ہوں۔ اگر آپ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے تعلیمی اداروں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔، پولیس اور ہسپتالوں کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا اور ان سب مسائل کا حل صرف اور صرف مسلم لیگ(ن) ہے پاس ہے۔

آزاد کشمیر کے پسماندہ علاقوں میں دانش سکولزکا قیام مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آزادکشمیرکے عوام کیلئے تحفہ ہے جس کیلیے ہم قائد پاکستان محمد نواز شریف وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے شکر گذار ہیں۔مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی واحد مضبوط نظریاتی سیاسی جماعت ہے جس کا خواتین ونگ اور یوتھ ونگ سمیت وارڈز اور یونین کونسل سطح سے لے کر مرکز تک بہترین تنظیمی سیٹ اپ موجود ہ میں آزاد کشمیر کے تمام سیاسی کارکنوں کو دوعوت دیتا ہوں کہ آئیں آزاد کشمیر میں نظریاتی تخریب کاری سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی , اس خطہ میں آئین و قانون کی سربلندی اور میرٹ کی بحالی کیلئے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوں اورمحمد نواز شریف اورمحمد شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ مسلم لیگ (ن) ہی آزادکشمیر کو درپیش سے نکال سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر قانون ساز اسمبلی وچیئرمین پرسن پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر شعبہ خواتین محترمہ سحرش قمر کی جانب سے سدھنوتی ناڑاوڑی منگ کے مقام پرمنعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت ملک قمر اعوان نے کی۔ استقبالیہ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدور ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان،سردار طاہر انور خان، سردار نسیم احمد سرفراز خان، یوتھ ونگ آزادکشمیر کے صدرسردار یاسرمنشاءچیئرمین فاتح محمود کیانی، ضلعی صدر سردار تنویر خادم، سردار توصیف عزیز، سردار مسعود انجم ایڈووکیٹ، سردار تنویر الطاف ایڈووکیٹ،سردار واجد علی ایڈووکیٹ،سردار قمر جہانگیر، سردار فرہادعلی، حلقہ صدر سردار جاوید، ایم ایس ایف کے ضلعی صدر عبیداللہ کلیم، سردار شبیر، ملک احسان الحق، سردار آصف خان، کامران لیاقت، ملک طارق اعوان، ملک ظہور اعوان، سردار الطاف،سردار امتیاز، ملک ایوب، سردار ذکی، سمیع اللہ اعجازاور دیگر مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان اور سینکڑوں خواتین کے علاوہ عوام علاقہ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیرکے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر محمدنجیب نقی خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک سازش کے تحت افراتفری پھیلائی جا رہی ہے۔سوشل میڈیا کے ذریعے سہانے خواب تو سب دکھاتے ہیں لیکن روڈ میپ نہیں بتاتے کہ یہ خواب کس طرح پورے ہونگے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے گذشتہ دور حکومت میں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں ہم نے آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کی ہے اور ہم اپنی گذشتہ دور حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جائیں گے۔ شاہ غلام قادر کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) پوری طرح متحد و منظم ہے بہترین تنظیم سازی پر صدر جماعت مبارک باد کے مستحق ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیرکے مرکزی نائب صدر سردار طاہر انور خان نے کہا کہ ہم سے زیادہ پاکستان کس کو عزیز ہے پاکستان پر ہماری آنرشپ ہے ہم اہلیان پونچھ پاکستان بنانے والے لوگ ہیں آئیں سب مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوں اور محمد نوازشریف اور شاہ غلام قادر کے ہاتھ مضبوط کریں۔میرا سیاسی گمان کہتاہے کہ یہ الیکشن کا سال ہے آپ تیاری کریں انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرکے آپ کو مسائل کا حل دے گی۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموںو کشمیر کے مرکزی نائب صدر سردار نسیم احمد سرفراز خان نے کہا کہ ہم صدر جماعت جناب شاہ غلام قادر کو شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت عوامی نمائندگی کا حق کھو چکی ہے ہمارے آباؤ اجداد سہولت کار نہیں قومی ہیروز پاکستان کی مسلح افواج ہماری محافظ ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادجموں و کشمیر شعبہ خواتین کی چیئرپرسن اور سابق ممبر قانون ساز اسمبلی محترمہ سحرش قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صدر جماعت جناب شاہ غلام قادر کے شکر گذار ہیں جنہوں نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی میرٹ پر تنظیم ساز ی کر کے آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنا دیا اور انشاءاللہ مسلم لیگ(ن) ایک بار پھر آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر یوتھ ونگ کے صدر سردار یاسر منشاءخان اور یوتھ ونگ کے چیئرمین فاتح محمود کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن) کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی اور ہم محمد نوازشریف اور شاہ غلام قادر کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے