190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیل دوبارہ دائر

190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دوبارہ دائر کردی جبکہ رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کے بعد خالد یوسف نے اپیلیں دائر کیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کے بعد دوبارہ دائر کردی۔

یہ بھی پڑھیں : اپر کرم میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر زخمی

خالد یوسف ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر اپیلوں پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض لگا کر واپس کردیا گیا تھا، جس کے بعد اعتراض دور کرکے اپیل دوبارہ دائر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 17 جنوری کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 ماہ جب کہ بشریٰ بی بی کو 3 ماہ کی قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے