وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت

وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی جانب سے سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے اپنے حلقہ انتخاب کے دورہ کے دوران راستہ روکنے اور ان کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قافلہ پر حملہ کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

اس سلسلہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔وزیراعظم نے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اسپیکرآزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کے لئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے اتوار کو جاری بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر پر حملہ بزدلانہ اور گھنائونا عمل ہے۔ صدر مملکت نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکرآزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے اتوار کو جاری بیان میں وزیر اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سپیکرقانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور ان کے قافلے پر حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے ۔ وزیر اعظم نے حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے