صدر آزادجموں وکشمیر کی ترکی سے معصوم کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ترکی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ لہذا ہمیں امید ہے کہ ترکی آئندہ بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر نہ صرف کشمیری عوام کا بلکہ یہ اُمہ کا بھی مسئلہ ہے کیونکہ جب مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکا جاتا ہے، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے، نوجوانوں کوبغیر وارنٹ پابند سلاسل کیا جاتا ہے اور بھارت کی نو لاکھ فوج کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے تو ایسے میں اسلامی ممالک بالخصوص ترکی جہاں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت رکوانے کے لئے بھارت پر زور دے اسی طرح اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں : سردار عبدالقیوم نیازی کے قریبی ساتھیوں کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت

انہوں نے کہا بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے اور وہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اس کا برملا اظہار کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت کے کینیڈا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوتوں کے ساتھ کینیڈین پارلیمنٹ میں کیا۔ جس سے بھارت کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے آشکار ہو گئے۔ ترکی آزادکشمیر میں ترقیاتی پروجیکٹس شروع کرے ہم حکومتی سطح پر اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلو (Dr. Irfan Neziroglu) سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ملاقات میں ترکش سفارتخانے کی قونصلرمسز یپرک ایس(Mrs. Yaprak Ece)بھی موجود تھیں۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت جہاں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے وہاں خود بھارت میں بھی اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے ہے۔ بھارت میں مقیم مسلمان، عیسائی، دلت، آسامی، اچھوت اور دیگر اقلیتیں بھی بھارت کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں بلکہ ایک آمریت ہے اور بھارت کی یہ ریشہ دوانیاں صرف مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں ہی نہیں بلکہ پاکستان، کینیڈا سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل چکی ہیں اوردنیا کے سامنے بھارت ایک عالمی دہشت کے طور پرآیا ہے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی اس کا نوٹس لے۔

اس موقع پر ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلو (Dr. Irfan Neziroglu) نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ ترکی کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ہم ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے آواز اُٹھانے پر اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے حالات پر ہمیشہ تشویش رہی ہے اور ترکی کی حکومت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے اور ہم آئندہ بھی اس سلسلے میں اپنا رول ادا کریں گے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ترکش سفارتکاروں کو کچھ عرصہ قبل اپنے دورہ ترکی کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلو (Dr. Irfan Neziroglu) نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیم اور فنی و تکنیکی مہارت کے علوم (Vocational Training) کے شعبوں میں کام کرنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ترکی کے سفیرڈاکٹر عرفان نیزرو گلو (Dr. Irfan Neziroglu) کو مظفرآباد کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزرو گلو (Dr. Irfan Neziroglu) نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مظفرآباد کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد مظفرآباد کا دورہ کریں گے اور جہاں ترکی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے وہاں ہم آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ترکی آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے پروجیکٹس شروع کرے ہم حکومتی سطح پر اس سلسلے میں ہر طرح کی معاونت اور مدد فراہم کریں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے