وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت ترقیاتی جائزہ اجلاس کا انعقاد
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزاد کشمیر کے محکمہ جات کے ترقیاتی جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عامر لطیف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو مواصلات، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، ٹورازم، آئی ٹی، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سمیت مختلف ترقیاتی شعبوں کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تمام محکموں کے حکام کو ہدایت دی کہ ترقیاتی اخراجات کو بروقت یقینی بنایا جائے اور منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر سیکٹر کے اخراجات کی تفصیل تین دن کے اندر فراہم کی جائے، اور عوامی نوعیت کے منصوبہ جات کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو تصریحات کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے اور کام کی رفتار اور معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے لاگت بڑھتی ہے، جو قومی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ منصوبے ہر صورت مقررہ مدت میں اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں