کے- الیکٹرک کی گلستان جوہر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی

کے۔ الیکٹرک نے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے گلستان جوہر میں ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس کے دوران 2000 کلوگرام وزن کے 1200 سے زائد غیرقانونی کنکشنز (کنڈے) پاور یوٹیلیٹی کی تنصیبات سے ہٹا دیے گئے۔

یہ غیر قانونی کنکشنز نیٹ ورک کے حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف کے۔ الیکٹرک کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچتا ہے، بلکہ شہریوں کے لیے بھی حفاظتی خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ کے۔ الیکٹرک کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد بجلی کی چوری کے باعث ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور رہائشیوں کے لیے زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

فی الحال، کے۔ الیکٹرک کا 70 فیصد نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، جب کہ زیادہ چوری والے علاقوں میں نقصانات کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ادارہ نے واضح کیا کہ بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی وہ دو عوامل ہیں جو کسی علاقے میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو متعین کرتے ہیں۔ کم نقصانات والے علاقوں میں زیادہ تر نہیں یا کم لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، جو بجلی کے ذمہ دارانہ استعمال اور بروقت ادائیگی کے فوائد کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، تعداد 65 ہوگئی
کے۔ الیکٹرک نے اپنے صارفین، کمیونٹی رہنماؤں اور مقامی نمائندوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کریں اور بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ شہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو برقرار رکھا جا سکے۔ ادارہ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ چوری کے خلاف مہم جاری ہے، لیکن حکومت کا کردار اس طرح کی غیرقانونی سرگرمیوں کے خاتمے میں انتہائی اہم ہے تاکہ پائیدار توانائی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے