خیبر پختونخوا میں وزراء مشیروں اور بلدیاتی نمائندوں کی مراعات میں اضافہ
خیبر پختونخوا کابینہ نے وزراء مشیروں معاونین خصوصی اور بلدیاتی نمائندوں کی مراعات میں اضافہ کر دیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا گیارھواں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کابینہ کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا معائنہ کرنے کے لیے اضلاع کا ہفتہ وار دورہ کریں۔
صوبائی کابینہ نے وزراء ، مشیر، اور معاونین خصوصی کے ہائوس سبسڈی الاونسز کو 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ یہ الاونس سرکاری رہائش نہ ملنے والے وزراء ، مشیر اور معاونین خصوصی کو دی جائے گی۔ مزید واضح رہے کہ ہاؤس سبسڈی الاونس میں ایک لاکھ 30 ہزار روپے کے اضافے سے وزراء، مشیر اور معاونین خصوصی بجلی اور یوٹیلیٹی کے بل بھی ادا کریں گے۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا اینیمل ویلفیئر ایکٹ، 2024 کی منظوری دی ہے تاکہ اسے صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ اس قانون سازی کا مقصد صوبے میں جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے قوانین و قوائد بہتر بنانا ہے۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا لائیو اسٹاک بریڈنگ سروسز بل 2024 کو صوبائی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کرنے کی اجازت دے دی۔ اس قانون سازی کا مقصد مویشیوں کی افزائش نسل کو مزید بہتر کرنا، نئی نسلوں کی جینیاتی صلاحیت کو بہتر بنانا اور مویشیوں کی مقامی نسلوں کی حفاظت کرنا ہے۔
صوبائی کابینہ نے ڈرگ فری پشاور پروگرام فیز-III کے لیے 326.40 ملین روپے اور گداگری سے پاک پشاور پروگرام کے لیے 23.10 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر منظور کیے۔ یہ اقدام پشاورسے منشیات کی لت اور گداگری کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ڈرگ فری پشاور پروگرام کے فیز-III میں 2000 منشیات کے عادی افراد کو بحال کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے
۔صوبائی کابینہ نے 17 جنوری 2023 کو منعقد ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران تعلیمی شعبے میں ملازمین کی اپ گریڈیشن کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس معاملے پر مرحلہ وار عمل در آمد کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں