وزیراعظم آزادکشمیر کی زیرصدارت کیڈٹ کالج پلندری کے 30ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت کیڈٹ کالج پلندری کے 30ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جموں و کشمیر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال، چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد طیب، کمانڈر ۲ اےکے بریگیڈ سید محسن گیلانی، سپیشل سیکرٹری مالیات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب نے شرکاء کو ایجنڈے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس دوران، بورڈ نے پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری کے استعفیٰ کی منظوری دی اور کالج کے ڈیلی ویجز سٹاف کی ماہانہ تنخواہ میں اضافے کی منظوری بھی دی۔ نئے پرنسپل کے انتخاب کے لیے کالج کی مجلس انتظامیہ کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کیڈٹ کالج کو فیکلٹی اور تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام کیڈٹ کالجز کو تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے کیونکہ وہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوان آزادکشمیر کا مستقبل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیڈٹ کالج پلندری کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے اور اس کے لیے فنڈز کی فراہمی کے علاوہ دیگر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں