پاکستانی شہریت بحال: ایرانی شہری محمد مصطفی خان کا طویل انتظار ختم
ایک ایرانی شہری کی طرف سے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی خواہش بلا آخر پوری ہو گئی ،ایک طویل انتظار کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے بلا آخر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
ذمہ دار حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ کافی عرصہ سے ایرانی شہری محمد مصطفی پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے لیے کوششیں کر رہا تھا لیکن قانونی رکاوٹیں اور محکموں کی ہٹ دھرمی کے باعث ناکامی کا سامنا تھا یہ ساری صورتحال جب وزیراعظم پاکستان کے علم میں آئی تو وزیر اعظم آفس نے واضح احکامات دئیے اور فوری طور پر قانون کے مطابق کاروائی کا حکم دیا گیا۔
جس پر ایک اہم پیش رفت ہوئی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے محمد مصطفی خان ولد محمد حسین کو پاکستانی شہریت بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ محمد مصطفی خان کی شہریت اس وقت سے معدوم تھی جب انہوں نے 6 مارچ 2023 کو اپنی ایرانی شہریت ترک کر دی تھی۔ تاہم اب وہ ایک نیا شناختی کارڈ حاصل کرنے اور پاکستانی شہری کے تمام حقوق اور مراعات سے لطف اندوز ہونے کا اہل ہے۔
یہ فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے خان کے کیس کا مکمل جائزہ لینے کے بعد سامنے آیا ، جس نے پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ 1951 کے سیکشن 14(1) کے تحت شہریت کی بحالی کے لیے ان کی اہلیت کی تصدیق کی ۔ نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محمد مصطفی خان خان کو نیا شناختی کارڈ جاری کرے اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو بذریعہ نوٹیفکیشن آگاہ بھی کر دیا گیاہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں